ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا نیگیٹیو کہہ کر مینگلور سے یلاپور جانے والے نوجوان کی رپورٹ بھٹکل پہنچنے تک ہوگئی پوزیٹیو؛ بھٹکل کی ایک بچی کی بھی رپورٹ آئی پوزیٹیو

کورونا نیگیٹیو کہہ کر مینگلور سے یلاپور جانے والے نوجوان کی رپورٹ بھٹکل پہنچنے تک ہوگئی پوزیٹیو؛ بھٹکل کی ایک بچی کی بھی رپورٹ آئی پوزیٹیو

Wed, 24 Jun 2020 20:21:58    S.O. News Service

بھٹکل 24/جون (ایس او نیوز) کورونا نیگیٹو  کی بنیاد پر  مینگلور سے اپنے گھر یلاپورجانے کی اجازت دینے کے بعد ایک نوجوان کی رپورٹ بھٹکل پہنچنے تک پوزیٹیو ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ جس کے بعد نوجوان کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں  ہی ایسولیٹ کیا گیا ہے۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے 29 سالہ نوجوان نے بتایا کہ وہ  17جون کو  کویت سے مینگلور آیا تھا اور مینگلور وینلاک اسپتال میں تھوک کے سیمپل  دینے کے بعد ہوٹل میں کورنٹائن میں تھا، سات دن مکمل کرنے کے بعد  آج ہوٹل مینجر نے اُسے بتایا کہ اُس کی رپورٹ نیگیٹو آچکی ہے لٰہذا وہ گھر جاسکتا ہے، پھر اسپتال اسٹاف نے اس کے ہاتھ پر ہوم کورنٹائن کا بھی اسٹامپ لگا کر جانے  دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہوٹل کے دیگر دو لوگوں کو بھی  کورنٹائن سے گھر جانے کی اجازت دی گئی، یہ تینوں ایک کار پر سوار ہوکر  ہبلی کے لئے نکل پڑے۔ نوجوان نے بتایا کہ اُسے یلاپور جانا تھا اور باقی دو لوگوں کو ہبلی جانا تھا، کنداپور سے آگے نکلنے کے بعد اس کو موبائل پر مسیج موصول ہوا کہ وہ جس جگہ پہنچا ہے، اُسی علاقہ کے سرکاری اسپتال پہنچ کر رپورٹ کرے۔

نوجوان بھٹکل پہنچ کر سیدھے تعلقہ سرکاری اسپتال پہنچا ،  اس دوران سماجی کارکن نثار رکن الدین کو کاروار سے اس نوجوان کے تعلق سے فون پر خبر دی گئی کہ اس کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے، لہٰذا اس  نوجوان کی خبرگیری کرے اور اسے ایسولیٹ کرے۔

نوجوان نے بتایا کہ اُس کا تعلق یلاپور سے ہے مگر اس کا سسرال بھٹکل مدینہ کالونی میں ہے۔ اب اس نوجوان کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ہی الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل پی ایس آئی بھرت اور دیگر اہلکار بھی اسپتال پہنچ گئے، اس نوجوان کے ساتھ جو دیگر دو ساتھی تھے، اُن کا پتہ لگایاجارہا ہے، سمجھا جارہا ہے کہ وہ ہبلی پہنچ چکے ہوں گے۔ اُن دو ساتھیوں کے تعلق سے شبہ ہے کہ اُس میں ایک کویت سے اور دوسرا مسقط سے آیا تھا۔ پولس اس تعلق سے ہوٹل سے آج روانہ ہونے والوں کی لسٹ حاصل کرکے دونوں کی معلومات جٹانے میں لگی ہوئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ مینگلور میں اس نوجوان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی تھی، مگر غلطی سے اسے نیگیٹیو کہہ کرگھر جانے کی اجازت دی گئی تھی جب وہ اپنے گاوں جانے کے لئے نکل گیا تو  گڑ بڑی کا  پتہ چلا۔  بتایا گیا ہے کہ پہلے نوجوان کو موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر موبائل کا نٹ ورک نہیں مل رہا تھا، جس کے بعد اُسے مسیج روانہ کیا گیا تھا۔  

بھٹکل میں تین سالہ بچی کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو:    اس دوران  خبر ملی ہے کہ مہاراشٹرا سے لوٹنے والی ایک فیملی میں سے تین سالہ ایک بچی کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ 21 جون کو مہاراشٹرا سے بذریعہ کار بھٹکل پہنچے تھے۔ بچی کی رپورٹ پوزیٹیو آنے پر اب اس کی والدہ اور دیگر دو چھوٹے بچوں کو بھی تعلقہ سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے اور ان کے پھر ایک بار تھوک کے سیمپل لئے جارہے ہیں۔  پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ بھٹکل موسیٰ نگر کے رہنے والے ہیں، مگر انہیں بھٹکل پہنچتے ہی  سرکاری  رہائشی ہوسٹل میں کورنٹائن کیا گیا تھا۔ یہ لوگ جس کار پر سوار ہوکر بھٹکل پہنچے تھے، اُس کے ڈرائیور کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بھی اپنی جانچ کرائے۔


Share: